لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا، 3 افغان دہشت گرد گرفتار، 3 خودکش جیکٹس برآمد

لاہور + اسلام آباد (ش ح ط / مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرکے تین دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے تین خودکش جیکٹس اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان میں خاتون اور دو افغان باشندے شامل ہیں۔

پولیس نے ملزمان سے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے، مزید گرفتاریاں بھی ممکن ہیں۔

انٹیلی جنس ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق بھاٹی گیٹ کے علاقے میں کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے تین دہشت گردوں میں ایک خاتون سہولت کار بھی شامل ہے جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

انٹیلی جنس ذرائع نے شبہ ظاہر کیا ہےکہ تینوں دہشت گردوں کا تعلق داتا دربار خودکش دھماکے سے ہے۔ جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 8 مئی کو داتا دربار کے باہر خودکش دھماکا ہوا ۔جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد شہید اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

رواں ماہ کے آغاز میں کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ گروپ کا اہم دہشت گرد خان بادشاہ عرف عمرفاروق عرف خان گرفتار کیا تھا۔

گرفتار ملزم سی ٹی ڈی کی جاری کردہ ریڈ بک میں مطلوب دہشت گرد تھا اور دہشت گردی کی متعددکارروائیوں میں ملوث بھی رہا۔

یاد رہے گذشتہ ماہ بھی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا ، راجا عمر خطاب نے کہا تھا محمد اسحاق عرف گل کانام ریڈبک میں شامل ہے۔

گزشتہ ماہ 26 اپریل کو ضلع ملتان میں سی ٹی ڈی نے بہاولپور بائی پاس کے قریب سے تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور دھماکہ خیز مواد برآمد سمیت اہم دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے اہم شخصیات کی تصاویر بھی برآمد ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں