حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخ‌ ، نیب نے گرفتار کرلیا ، ملکی سیاسی میں افراتفری مچ گئی

لاہور (نیوز ڈیسک) : لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخ کر دی جس کے بعد نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثے اور رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کی درخوست ضمانت کی سماعت کی۔
حمزہ شہباز وکلا کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ حمزہ شہباز کے وکیل سلمان بٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون کے تحت انکوائری مکمل ہونے تک وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے جاسکتے۔ ابھی منی لانڈرنگ کیس کی انکوائری جاری ہے، حمزہ شہباز تفتیشی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ وکیل حمزہ شہباز نے کہا حمزہ شہباز کے بلا جواز وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، متعدد فیصلے بھی موجود ہیں کہ انکوئری کے دوران ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، عدالت مکمل انصاف کرے گی۔ نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا حمزہ شہباز کے وارنٹ گرفتاری قانون کے تحت جاری کیے گئے، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے حمزہ شہباز کے منی لانڈرنگ کی نشاندہی کی۔ پراسکیوٹر نیب نے شہباز شریف کی فیملی کے اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں جمع کروائیں۔
پراسیکیوٹر نیب نے کہا شہباز شریف فیملی کے اثاثے آمدن سے کہیں زیادہ ہے، منی لانڈرنگ کیس میں صرف حمزہ شہباز ہی نہیں ہے، اس کیس میں شہباز شریف، نصرت شہباز، سلمان شہباز بھی شامل ہیں۔ پراسیکیوٹر نیب نے اپنے دلائل میں مزید کہا شہباز شریف کی فیملی کے اثاثوں میں اربوں روپے اضافہ ہوا، حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملہ پر ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔
یب نے اپنے موقف میں کہا کہ حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز میں درخواست ضمانت ناقابل سماعت ہے، جرمانہ عائد کرکے مسترد کی جائے، ان کے نیب پر الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، انہوں نے 2015ء میں 36 کروڑ روپے سے مقامی آبادیوں کے نام پر رمضان شوگر ملز کیلئے نالہ تعمیر کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے سامنے کیس صرف حمزہ شہباز کا ہے، آپ صرف حمزہ شہباز کی ضمانت کی حد تک عدالت میں دلائل دیں۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دئے کہ سو فیصد قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا، باہر کیا باتیں ہو رہی ہے ہمیں کسی سے غرض نہیں، ہم صرف اللہ کو جواب دہ ہیں۔ عدالت نے سماعت کے بعد حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ ضمانت منسوخ ہوتے ہی نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو حراست میں لے لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں