شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، دو اہلکار شدید زخمی

میران شاہ (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے گربز میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے میں صوبیدار وحید اور سپاہی مدثر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

واقع کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں اس ماہ کے دوران پیش آنے والا دہشت گردی کا یہ چھٹا واقعہ ہے، رواں مہینے کی 7 اور 8 تاریخ کو یکے بعد دیگرے ریموٹ کنٹرول اور بارودی سرنگ کے دھماکوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید اور زخمی کیا گیا۔

یاد رہے کہ 7 جون کو شمالی وزیر ستان کے علاقے خڑ کمر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے تین افسران اور ایک اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خڑ کمر میں فوجی گاڑی کو دہشت گردوں نے سڑک پر نصب بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا جس کے باعث لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم، میجر معیز مسعود، کیپٹن عارف اللہ اور نائب حوالدار ظہیر احمد شہید جب کہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔

اسی طرح 8 جون کو شمالی وزیرستان ہی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ 11 جون کو بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے منظر خیل برزئی میں سرچ پارٹی پر دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں شوال رائفلز کے دو اہلکار نائیک ظہور اور سپاہی قیصر شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں