بغلان: افغان ایئر فورس کے فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے7 افراد شہید

کابل (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) افغانستان کے صوبے بغلان میں افغان ائیر فورس کے فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شہید ہو گئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبائی کونسل کے ممبر شمس الحق برکزئی نے بتایا کہ شمالی صوبہ بغلان کے علاقے پل خومری میں افغان فضائیہ نے طالبان کے ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا تاہم حملے کی زد میں ایک رہائشی گھر آ گیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

بمباری میں افغان شہریوں کی ہلاکت کے خلاف سیکڑوں مقامی افراد نے کابل سے شمالی صوبوں کو جانے والی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ شب تقریباً ایک بجے صوبہ بغلان کے ضلع ڈنڈے شہاب الدین کے گاؤں قطب خیل میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر نے بمباری کی۔

صوبائی گورنر احمد فرید نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ افغان وزارت دفاع اور داخلہ نے فوری طور پر واقعے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں