حسن ابدال: براہمہ انٹرچینج کے قریب بس موٹروے پر الٹ گئی، 13 مسافر جاں بحق

حسن ابدال (ڈیلی اردو) حسن ابدال کے قریب براہمہ انٹرچینج کے قریب سوات سے لاہور جانے والی بس الٹ گئی، حادثے میں 13 افراد مسافر جاں بحق اور 34 زخمی ہوگئے۔ جمعرات کی صبح سوات سے لاہور جانے والی بس جس میں 59 افراد سوار تھے حسن ابدال کے قریب براہمہ انٹرچینج کے قریب موٹر وے پر الٹ گئی۔

ریسکیو 1122 اور موٹر وے پولیس نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ٹیکسلا اور حسن ابدال کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور بارش کے باعث سڑک پر پھسلن سے پیش آیا۔ حادثے میں بچ جانے والے مسافروں کے مطابق بس حادثہ ڈرائیور کی تیز رفتاری، لاپرواہی اور مسلسل موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق تھانہ واہ پولیس نے بس ڈرائیور احمد خان کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام واقعے کی مزید تفتیش کررہے ہیں۔

 یاد رہے کہ آج  صبح صادق آباد میں ولہار اسٹیشن پر اکبر ایکسپریس  بھیمال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کتے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں