محمد بن سلمان کا اگلے 5 سال میں مشرق وسطیٰ کے ممالک کو یورپ بنانے کا اعلان

ریاض (ڈیلی اردو) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مشرقِ وسظی کے ممالک کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اگلے 5 سال میں آج سے بالکل مختلف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین بھی بالکل مختلف ہو گا اور کویت بھی پانچ سالوں میں بالکل مختلف ہو جائے گا۔

سعودی ولی عہد نے مزید کہا کہ حتیٰ کی قطر بھی پانچ سال میں بدل جائے گا، بیشک ہمارے اور کویت کے درمیان فاصلے ہیں لیکن کویت بھی بدل جائے گا اور آج سے مختلف ہو گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ان تمام ممالک کی معیشت بہت مضبوط ہے اور اگلے پانچ سالوں میں یہ سب بدل جائیں گے۔ متحدہ عرب امارات، عمان، عراق، مصر کے پاس بھی یہ مواقع موجود ہیں اور اگر ہم اگلے 30 سالوں میں اس وژن کو سچ بنانے میں کامیاب ہو گئے تو دوسرے ممالک بھی ہماری پیروی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے یورپ میں انقلاب آیا تھا ایسا اگلا انقلاب مشرقِ وسطیٰ میں آئے گا۔

انہوں نے اس مقصد کے حوالے سے کہا کہ یہ سعودی عرب کی جنگ ہے اور یہ میری جنگ ہے جو کہ میں نے ذاتی طور پہ قبول کی ہے اور میں مشرقِ وسطی کو دنیا میں سب سے آگے دیکھے بغیر مرنا نہیں چاہتا۔ انہوں عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میرا خیال ہے کہ یہ مقصد سو فیصد حاصل ہو گا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں سعودی ولی عہد شہزدہ محمد بن سلمان وژن 2030 کے نام سے اہم اقدامات کر رہے ہیں اور انہوں نے سعودی عرب کو بالکل بدلنے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور وہ تیزی سے اس منصوبے کو عملی جامہ بھی پہنا رہے ہیں۔ سعودی عرب تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ٹیکنالوجی سے لے کر تعلیم اور کاروبار سے لے کر مزدوری تک میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب میں سیاحوں کو لانے کے لیے قوانین بھی تبدیل کیے جا رہے ہیں اور سیاحتی مقامات بھی بنائے جا رہے ہیں۔ اب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو بدل دیں گے اور سعودی عرب اگلے 5 سال میں آج سے بالکل مختلف ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں