مقدس گائے کا تاثر ختم کر رہے ہیں: شہریار خان آفریدی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے، ملک میں آمروں نے آئین کو بار بار پامال کیا۔ مقدس گائے کا تاثر ختم کررہے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہاکہ رانا ثنا اللہ کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ،اس لئے ان کا جسمانی ریمانڈ نہیں لیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ جان جاتی ہے تو جائے لیکن کمپرو مائز نہیں کریں گے، ہماری حکومت کا مقصد رکھ رکھائو کرنا نہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، اے این ایف کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بناتی۔

ان کا کہنا تھاکہ رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں جو عدالت میں پیش کیے جائیں گے،ن لیگی رہنما کی گاڑی کی 3 ہفتے تک مانیٹرنگ کی گئی۔

شہریار آفریدی نے یہ بھی کہاکہ جب رانا ثنا اللہ کو روکا گیا تو ان سے پوچھا کہ یہ آپ کا سامان ہے؟ جس پر ن لیگی رہنما نےاپنے سامان کی تصدیق کی، ان کا سامان بھی ان سے پوچھ کر کھولا گیا۔

انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف کو رب کی قسم ہے وہ رانا ثنا سے ان کی اولاد کی قسم لے کر پوچھیں یہ سامان کس کا ہے، اُن کی آنکھیں بتادیں گی، اگر کسی کے ذہن میں ہے کہ یہ ہم نے کیا، تو اللہ ہمیں سزا دے گا۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان سب کا ہے، تمام جماعتوں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، یہ تجاویز لائیں گے ہم خوش آمدید کہیں گے، لیکن جو پاکستان، آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرے گا اسے مثال بنادیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں