قبائلی انتخابات: جنوبی وزیرستان میں راکٹ حملہ اور فائرنگ، سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شدید زخمی

جنوبی وزیرستان + اورکزئی (ڈیلی اردو + نمائندہ ڈیلی اردو) خیبرپختونخواہ اسمبلی کی نشستوں‌ پر الیکشن، انتہائی تشویشناک خبر سامنے آگئی، جنوبی وزیرستان میں شہادتوں کا خدشہ جبکہ اورکزئی میں ووٹرز کو لے جانے والی گاڑی کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں فائرنگ، راکٹ حملے اور بارودی سرنگ پھٹنے کے مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تحصیل سراروغہ کے علاقے کرکنڑے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین ایف سی جوان شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہو گیا ہے تاہم سرکاری ذرائع سے خبر کی تصدیق نا ہو سکی ہے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق تحصیل سراروغہ کے علاقے شنکئی میں راکٹ حملے سے مقامی نوجوان کامران زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو علاج کے لئے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایک زخمی ایف سی اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ کے علاقے گورگورہ شمیرائی میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے سے ایک مقامی بچی شدید زخمی ہو گئی ہے۔ زخمی ہونے والی بچی کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب اورکزئی میں میں ووٹرز کو لے جانے والی گاڑی کھائی میں جاگری، پولیس کے مطابق وین ووٹرز کو غلجو کے پولنگ سٹیشن لے جارہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا۔ حادثے میں وین میں سوار ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے، جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں