لاہور: بارش میں دیوار گرنے سے 4 نوجوان جاں بحق، 2 زخمی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے علاقے مناواں میں بارش کی وجہ سے ایک عمارت کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 4 نوجوان جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔

لاہور کے علاقے مناواں میں بارش کے باعث زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق مناواں کے علاقے گنجے سندھو میں چند نوجوان کرکٹ کھیل رہے تھے، بارش ہوئی تو انہوں نے بھیگنے سے بچنے کے لیے زیرِ تعمیر فیکٹری کی دیوار کے ساتھ بیٹھ کر پناہ لی، اسی دوران اچانک دیوار ان پر جا گری۔

ریسکیو حکام کے مطابق دیوار کے ملبے تلے 6 افراد دب گئے، ملبہ ہٹایا گیا تو 3 افراد زندگی کی بازی ہار چکے تھے، 3 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اور زخمی شخص دم توڑ گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں ساجد، سجاول، ریحان اور علی شامل ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق چاروں نوجوانوں کی موت سر پر اینٹیں لگنے سے ہوئی، پولیس نے اسے اتفاقی حادثہ قرار دے کر لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں، جبکہ ہسپتال میں زیر علاج دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

کرکٹ کھیلنے کے لیے جانے والے چاروں نوجوانوں کی لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا، متوفیوں کی مائیں اور بہنیں لاشوں سے لپٹ کر آہ و بکا کرتی رہیں۔

افسوسناک حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت نے علاقے کی فضا سوگوار کر دی۔ جاں بحق سجاول تین بچوں کا واحد کفیل اور رکشا ڈرائیور تھا، مگر کرکٹ کا جنون کی حد تک شوق تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں