6 محرم الحرام کے موقع پر مختلف شہروں میں جلوس، مجالس

اسلام آباد (ڈیلی اردو) چھ محرم الحرام کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں جلوس نکالے گئے اور مجالس عزا منعقد کی گئیں۔

خیرپور میں شہزادہ علی اکبرؑ کی یاد میں تاریخی مرکزی جلوس جانوری گوٹھ سے بر آمد ہوا جبکہ امام بارگاہ جادو شاہ، مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری سے علم و ذوالجناح کے ماتمی جلوس بھی برآمد ہوئے، امام بارگاہ تھلا علی رضا شاہ پر تاریخی مجلس عزا بھی ہوئی۔

اسکردو میں بھی 6 محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس منعقد کی گئیں۔

مظفرگڑھ میں علم و ذوالجناح کا جلوس محلہ عباسیہ سے برآمد ہوا اور ٹبی حسین آباد پر ختم ہوگیا۔

خانیوال میں مرکزی امام بارگاہ حسینیہ بلاک نمبر 11 سے 6 محرم کا جلوس نکالا گیا۔

بھکر میں در عباس سے قصر زینب تک جلوس نکالا گیا۔

گوجرانوالا میں بھی 6 محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس ہوئیں اور جلوس نکالا گیا جبکہ جھنگ میں محلہ ٹاہلیانوالاں سے نکالا گیا، جلوس جوڈ بکڑاں پر ختم ہوا۔

اوچ شریف میں علم کا ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ محلہ بخاری سے نکالا گیا۔

ملتان میں 6 محرم کا مرکزی جلوس آستانہ لال شاہ چوک کچہری سے برآمد ہوا جو گلی امام دین، گنج بازار اور پرانا خانیوال اڈا سے ہوتا ہوا رات گئے دربار شاہ شمس پر ختم ہوگا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق چکوال میں مجلس پر ایف آئی آر اور جلوس پر پابندی کےخلاف 6 محرم کے ماتمی جلوس کو روک کر دھرنے میں تبدیل کردیا گیا۔ چکوال کے نواحی گاؤں لکھوال میں چار دیواری کے اندر مجلس عزا پر ایف آئی آر کے اندراج اور حاصل گاؤں میں 1988 کے قدیمی اٹھارہ محرم کے ماتمی جلوس پر پابندی پر ضلع بھر کے عزاداران میں شدید غم و غصہ پایا گیا جس کے نتیجے میں امام بارگاہ مہاجرین سادات سے نکلنے والا مرکزی جلوس بھون چوک میں پہنچ کر احتجاجی دھرنے کی شکل اختیار کرگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں