ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس مقرر کردہ راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔

نو محرم الحرام کو ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نواسہ رسول صلی اللہ علییہ وآلہ وسلم اور ان کے خانوادے کی یاد میں مجالس کا اہتمام کیا گیا اور جلوس بھی نکالے گئے۔ شہر شہر، گاؤں گاؤں اور قریہ قریہ حضرت علی اکبر کی یاد میں ماتم اور پرسہ داری کا سلسلہ جاری رہا۔

جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے بھی جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔ تاہم اب ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس مقرردہ راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی 6 سے برآمد ہوکر اسی جگہ پر اختتام پذیر ہوا۔ اسی طرح راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ فاطمیہ سے برآمد ہوا۔

لاہور میں مرکزی جلوس اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ سے نکلا جبکہ ملتان کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے روانہ ہو کر اسی مقام پر ہی اختتام پزیر ہوا۔

ملتان کا امام بارگاہ ممتاز آباد سے بر آمد ہونے والا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بار گاہ ممتاز آباد پہنچ کر ختم ہوگیا۔

میانوالی کی ماڑی سٹی میں 9 محرم الحرام کا کشتی بردار جلوس امام بارگاہ حسینیاں سے برآمد ہوا جو وانڈھا ککڑانوالہ میں اختتام پذیر ہوا۔

کراچی میں 9 محرالحرام کا مرکزی جلوس نمائش چورنگی سے پیپلز چورنگی اور صدر سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ، ریڈیو پاکستان اور کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔

حیدرآباد میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس انجمن گلدستہ علی اکبر کے زیر اہتمام لطیف آباد نمبر پانچ سے برآمد ہوا اور امام بارگاہ چہاردہ معصومین پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

روہڑی کا ساڑھے پانچ سو سالہ تاریخی ماتمی جلوس شاہ عراق امام بارگاہ سے شمع گل کی رسم ادا کرنے کے لیے برآمد کیا گیا جو دسویں محرم کی رات ریلوے اسٹیشن کے قریب قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔

کوئٹہ میں شبیہ ذوالجناح کا ماتمی جلوس امام بارگاہ ناصرالعزاء میکانگی روڈ سے برآمد ہوا۔ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ ناصر العزاء پر اختتام پذیر ہوا۔

پشاور میں مرکزی جلوس حسینیہ ہال صدر سے نکالا گیا جبکہ ہری پور میں شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سجادیہ سے برآمد ہوا۔ پارا چنار، ہنگو، کوہاٹ، کلایہ اورکزئی میں بھی مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگئے۔

گلگت شہر میں جلوس جامعہ امامیہ مسجد سے نکل کر روایتی راستوں سے گزرتے ہوے اختتام پزیر ہوا۔ سکردو، شگر، خپلو، کھرمنگ، نگر، ہنزہ اور استور سمیت پورے گلگت بلتستان میں جلوس نکالے گئے۔

مظفر آباد میں جلوس دوپہر دو بجے بالا پیر سے برآمد ہونے کے بعد اپنی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغربین تک مرکزی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہو گیا۔

مختلف شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
عزاداروں کیلئے پانی اور شربت کی سبیلیں بھی گئیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ پنجاب بھر میں نو اور دس محرم الحرام کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ سندھ میں آٹھ سے دس محرم تک تین روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں دس روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں