جنوبی وزیرستان سے ڈاکٹر نور حنان اغوا

وانا (دین محمد وزیر) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے مرکز وانا میں نامعلوم افراد نے سرکاری ڈاکٹر کو اغوا کرلیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نورحنان ٹی بی ہسپتال وانا میں ڈیوٹی سے واپسی پر گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد ان کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا نور محمد کے بیٹے ڈاکٹر نور حنان کو نامعلوم افراد نے وانا بازار کے قریب سے اغوا کرلیا۔

واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی ضلعی انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردی ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر نور حنان کے اغوا کے خلاف وائی ڈی اے نے آج سے پورے جنوبی وزیرستان میں تمام ہسپتالوں میں بائیکاٹ اور ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور اپنے بیان میں کہا کہ وائی ڈی اے حکومت کو تین 3 دن کی مُہلت دیتی ہیں کہ اگر ان تین دنوں میں ڈاکٹر نور حنان وزیر کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو پورے صوبے میں ہڑتال کی کال دی جائے گی اور ساتھ میں ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ باقی علاقوں میں موجود ڈاکٹر کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں