شہید حکیم سعید کی صاحبزادی کیلئے جاپان کا اعلیٰ سول ایورڈ

کراچی (ڈیلی اردو) حکمت کی دنیا کے مایہ ناز طبیب حکیم محمد سعید شہید کی صاحبزادی اور ہمدرد یونیورسٹی کی چانسلر سعدیہ راشد کو جاپان کی حکومت نے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کی حکومت نے طب کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر حکیم محمد سعید کی صاحبزادی کو اعلیٰ سول ایوارڈ ’’ دی آرڈر آف رائزنگ سن، گولڈ ریز وِد نیک ربن‘‘ سے نوازا۔

یہ ایوارڈ کراچی میں تعینات جاپان کے قونصل جرنل توسی کازو نے سعدیہ راشد کو دیا اور ادارے کی خدمات کو بھی سراہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’سندھ کے سابق گورنر حکیم محمد سعید نے طب کی دنیا میں ایسی خدمات انجام دیں جن سے طالب علموں کے لیے مدد گار ہیں‘۔

انہوں نے سعدیہ راشد کو والد کا مشن جاری رکھنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔ ایوارڈ دینے کی تقریب میں اہل خانہ اور قریبی رشتے داروں سمیت ہمدرد یونیورسٹی کی انتظامیہ نے شرکت کی اور اس موقع پر مبارک باد بھی پیش کی۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی مبارکباد
دوسری جانب جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے ہمدرد یونیورسٹی کی چانسلر سعدیہ راشد کو جاپان کا اعلیٰ سول ایوارڈ ’’ دی آرڈر آف رائزنگ سن، گولڈ ریز وِد نیک ربن‘‘ ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد شہید حکیم محمد سعید کے مشن اور وژن کو لے کر بہ طریق احسن آگے بڑھ رہی ہیں،جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سعدیہ راشد نہ صرف جاپان اور پاکستان کے مابین اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے باہمی رابطوں کو فروغ دیا بلکہ مشرق کے روایتی اور مقبول طریقۂ علاج، طب اور مشرق کی تعلیم و تربیت کا معیار بڑھانے میں بھی قابل ذکر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کا کہنا تھا سعدیہ راشد پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہی ہے جو لائق تحسین ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں