ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ یونیورسٹی کی حدود میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران سڑک کے کنارے بم کو بروقت کارروائی کر کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کی بھاری  نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج عنایت اللہ ٹائیگر کو بھی طلب کرلیا اور عنایت اللہ ٹائیگر نے دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سڑک کے کنارے نصب بم سے پولیس اور سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنایا جانا تھا لیکن بروقت کارروائی سے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور آئی جی ایف سی بھی اس وقت ڈیرہ شہر میں تھے۔

دریں اثنا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کی قیادت میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت سماج دشمن عناصر کے خلاف کینٹ، صدر، یارک، پروآ اور بندکورائی میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کے دوران 18 مشکوک افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔

برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 عدد کلاشنکوف، 3 عدد رائفل، 5 بندوق، 3 پسٹل اور 209 کارتوس شامل ہیں۔

پولیس نے 175 کرایے کے مکانات اور 36 ہوٹلوں کو چیک کیا جبکہ ایک گھر کے خلاف سیکورٹی ایکٹ کے تحت سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

پانچ حساس مقام کی سیکیورٹی ایکٹ کے تحت انتظامات مکمل نہ ہونے پر مقدمات درج کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں