پاک افغان سرحد پر شہید ہونے والے میجر عدیل شاہد زیدی کراچی میں سپرد خاک

کراچی (ڈیلی اردو) پاک افغان سرحدی علاقے اور خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں گذشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر سید عدیل شاہد زیدی کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کراچی کے وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر عدیل شاہد کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ مسجد خیرالعمل انچولی سوسائٹی میں علامہ ناظر عباس تقوی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، علما کرام، سول، عسکری حکام، سیاسی شخصیات سمیت شہر کے عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

میجر عدیل شاہد کو کراچی کے وادی حسین قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

شہید میجر سید عدیل شاہد نے سوگواران میں تین بیٹیاں اور بیوہ چھوڑی ہے، انہوں نے کچھ سال قبل شہید کیپٹن کی بیوہ سے دوسری شادی کی تھی جن سے ان کی جڑواں بچیاں ہیں جن کی عمر ڈیرھ سال ہے۔

واضح رہے کہ میجر عدیل شاہد زیدی جمعے کے روز ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام کی نگرانی کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔ ان کے ہمراہ پاک فوج کا سپاہی فراز بھی شہید ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں