گلگت بلتستان: دیامیر میں مسافر بس چٹان سے ٹکرا گئی، پاک فوج کے 10 جوانوں سمیت 27 افراد جاں بحق، 12 زخمی

گلگت بلتستان (ڈیلی اردو) صوبہ گلگت بلتستان سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس بابوسر ٹاپ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی جس کے باعث 27 افراد جاں بحق ہو گئے، جس میں پاک فوج کے 10 جوان بھی شامل ہیں جبکہ 12 شدید زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس ضلع دیامیر کے علاقے بابوسر ٹاپ کے قریب حادثےکا شکار ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر چٹان سے ٹکرائی گئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 10 جوانوں سمیت 27 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 12 شدید زخمی ہیں۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، مسافر بس میں کل 40 افراد سوار تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسافر بس حادثے میں جاں بحق افراد میں پاک فوج کے 10 جوان بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت پہنچایا گیا ہے جبکہ 26 افراد کی لاشیں بھی ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بابو سرٹاپ پر ہونے والے حادثے پر پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللّٰہ فراق کے مطابق ضلع دیامر میں بابوسرٹاپ کے قریب اسکردو سے راولپنڈی جانے والی مشہ بروم بس حادثے کا شکار ہو گئی، حادثہ بابو سر ٹاپ “گیٹی داس” کے مقام پر پیش آیا جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ 12 افراد شدید ذخمی ہوئے۔ وزیراعلیٰ کے حکم پر ریسکیو کا عمل تیز کیا گیا ہے، مسافروں کی اکثریت کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان کا مزید کہناتھا کہ زخمیوں کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کیا جا چکا ہے، ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں