بھارت کے خلائی ادارے ‘اسرو’ کے سائنسدان کو قتل کر دیا گیا

نئی دہلی (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) بھارتی خلائی ادارے اسرو (انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن) کے سائنسدان سریش کمار کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 56 سالہ سریش کمار بھارتی خلائی ادارے کے ذیلی ادارے نیشنل ریموٹ سینسنگ سینٹر (این آر ایس سی) میں بطور سائنسدان خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سریش کمار بھارتی شہر حیدر آباد میں اکیلے رہتے تھے، منگل کے روز دفتر سے غیر حاضری پران کے ساتھیوں نے رابطے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر ان کی اہلیہ کو آگاہ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر چنئی میں رہائش پذیر سریش کمار کی اہلیہ نے پڑوسیوں سے رابطہ کیا جنہوں نے پولیس کی مدد سے گھر کا دروازہ توڑ ا جہاں ان کی خون میں لت پت لاش ملی۔

اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ تروپتنا کلوز ٹیم کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ کر وہاں کا معائنہ کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سریش کے سر پر تیز دھار شہ سے حملہ کرکے اُسے قتل کیا گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقامی افراد سے معلوم ہوا ہے کہ سریش گزشتہ چند دنوں سے بعض نامعلوم افراد کے ساتھ مسلسل دیکھا گیا۔ پولیس نے جائے وقوع پر ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا۔ پولیس نے علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرتے ہوئے اِس کا تجزیہ شروع کردیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے ہلاک سائنٹسٹ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کردیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی تھی اور خلائی مشن چندریان ٹو کا رابطہ چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ پہلے منقطع ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں