مسلم لیگ (ن) نے مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ میں شمولیت کی حمایت کردی

لاہور (ڈیلی اردو) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی اکثریت نے مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ میں شمولیت کی حمایت کردی۔

مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگی رہنماؤں کی اکثریت نے مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ میں شرکت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اگر مولانا فضل الرحمٰن کا ساتھ نہ دیا تو عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے لانگ مارچ سمیت تمام آئینی مطالبات کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے لیکن (ن) لیگ مولانا فضل الرحمٰن کے غیر آئینی مطالبے کی حمایت نہیں کرے گی۔ جبکہ سردارایاز صادق نے پیپلزپارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطوں اور ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ ایک بار پھر رابطے تیز کرنے اور آزادی مارچ کے مطالبات کی تیاری کیلئے پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت بھی کی جائے گی۔ جبکہ آزادی مارچ پر تجاویز اور حتمی فیصلے کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کو شہباز شریف آگاہ کریں گے۔

اجلاس میں آزادی مارچ کو روکنے کیلئے حکومتی کریک ڈاؤن پر بھی لائحہ عمل طے کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں