ایل او سی پر جارحیت: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج

اسلام آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارت کی جانب سے ایل او سی کے سیکٹر نیزہ پیر میں فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 3 شہری شہید جبکہ 8 زخمی ہوئے، بھارتی اقدامات خطے کے امن و سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں، شہید ہونے والوں میں 55 سالہ غلام قادر، 12 سالہ مریم بی بی اور 10 سالہ حیدر علی شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جان بوجھ کر سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں