چہلم حضرت امام حسینؑ: لاہور سمیت دیگر حساس شہروں میں امن وامان کیلئے فوج، رینجرز طلب کرنیکا فیصلہ

لاہور (ڈیلی اردو) پنجاب میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر امن وامان کے لئے فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ لاہور میں جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کی سفارش پر فوج اور رینجرر بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، جھنگ، چکوال، بھکر، گوجرانوالہ اور ڈیرہ غازی خان میں تعیناتی کی جائے گی، اس مقصد کے لئے فوج کی 10 اور رینجرز کی 6 کمپنیوں کو طلب کیا گیا ہے۔

20 اکتوبر کو چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے صوبے کے حساس اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔

دوسری جانب چہلم امام حسین علیہ السلام کی سکیورٹی کے حوالے سے لاہور پولیس کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ لاہور پولیس چہلم امام حسینؑ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر شہر بھر میں سرچ آپریشنز کر رہی ہے ۔ سرچ آپریشنز کے دوران ہوٹلوں، گیسٹ ہائوسز، سرائوں، عمارتوں، کرائے کے گھروں اور افغان و پختون آبادیوں میں شہریوں کے کوائف چیک کئے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں