پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارتکاروں اور میڈیا کا ایل او سی کا دورہ، بھارت کی عدم شرکت

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں اور غیر ملکی صحافیوں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جبکہ بھارتی نمائندوں نے اپنے جھوٹ کا پردہ چاک ہونے کے ڈر سے اس دورے میں شرکت نہیں کی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اس دورے کا اہتمام کیا گیا تاکہ آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے اڈے تباہ کرنے کے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کیا جاسکے۔ حکام نے غیر ملکی سفیروں کو ایل او سی پر بریفنگ دی اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے حکام نے بتایا کہ بھارت مسلسل ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے اور نہتے شہریوں کو گولہ باری برستے ہیں

دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کا یہ دعویٰ مسترد کردیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کے 3 لانچنگ پیڈز کو تباہ کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے غیر ملکی سفرا کو تمام علاقے کا دورہ کرایا اور دکھایا کہ بھارتی فائرنگ سے آزاد کشمیر میں عام شہریوں کے گھروں اور بازاروں کو کتنا شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

اس دورے میں مدعو کیے جانے کے باوجود بھارتی سفرا نے شرکت نہیں کی۔ دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سمیت تمام سفارتکاروں کو جائے وقوعہ کے دورے کی دعوت دی لیکن ترجمان دفتر خارجہ کی بار بار پیشکش پر بھی بھارتی سفارتی عملہ خاموش رہا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل رات بھر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر رہے لیکن کوئی جواب نہ آیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا دعوی محض دعوی ہی رہا، بھارتی ہائی کمیشن سے کوئی اہلکار ایل او سی جانے کیلئے نہیں پہنچا، بھارت کی جانب سے مبینہ لانچ پیڈز کا محل وقوع بھی فراہم نہیں کیا۔

غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنر کو آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروانے کے لیے وادی نیلم پہنچا دیا گیا ہے جس کے بعد وہ ایل او سی کے جورا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز کا دورہ کریں گے۔

خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل بھی ایل او سی کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سفیروں کے ہمراہ ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کا کوئی اہلکار، سفارتکار ایل او سی جانے کیلیے نہیں پہنچا،‏ بھارتی ہائی کمیشن کے اسٹاف میں سفارتکاروں کے ساتھ ایل او سی جانے کی اخلاقی جرات نہیں،‏ غیر ملکی سفارتکار اور میڈیا ارکان کا گروپ ایل او سی پر سچ سامنے لائیں گے۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے تمام سفارت کاروں کو بھارت کی طرف سے ہفتہ کی شب اور اتوار کو بلا اشتعال بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کے معائنے کے لیے آج کنٹرول لائن کے دورے کی دعوت دی تھی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے تمبینہ تین کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم پاک فوج نے بھارت کا یہ دعویٰ مسترد کردیا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی ہٹ دھرمی پر کہا کہ کا بھارت کا بیانیہ پِٹ رہا ہے، اُس کی ساکھ دنیا بھر میں متاثر ہو رہی ہے، بھارتی الزام تراشی پر دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آبی جارحیت کی طرف بڑھ رہا ہے، اس معاملے پر دفتر خارجہ میں آج اجلاس ہوگا اس کے علاوہ نریندر مودی کی ہریانہ کی تقریر کا مناسب جواب دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں