آزاد کشمیر: بھارتی فوج کی جانب سے وادی نیلم اور جوڑا سیکٹر میں شدید گولہ باری، 3 افراد شہید، متعدد زخمی

مظفرآباد (نمائندہ ڈیلی اردو) بھارتی فوج کی وادی نیلم اور جوڑا سیکٹر میں فائرنگ اور شدید گولہ باری سے تین شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے آزادکشمیر کی وادی نیلم کے صدر مقام اٹھمقام پر شدید گولہ باری اور فائرنگ کی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کی چوٹیوں سے اٹھمقام بازار، باڑیاں، قلاکن، جوڑا سیکٹر، بس سٹینڈ، بن چھتر، راوٹہ، شاہکوٹ اور قریبی علاقوں پر گولے داغے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے جواب میں پاک فوج نے بھی گولے فائر کیے اور دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 3 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں، بھارتی فائرنگ سے علاقہ میں خوف وہراس کے باعث تمام بازار قبل از وقت بند کردیئے گئے، لوگوں نے قریبی مورچوں میں پناہ لے لی۔

ذرائع کے مطابق آٹھمقام لالہ گاؤں میں بھارتی گولہ باری سے گل زرین ولد علم دین اور ان کے بیٹے سلطان کی شہادت ہوئی ہے۔ وادی ‏نیلم کے گاؤں لالا کے مولانا ندیم کا بھائی نثار زخمی جبکہ بھتیجا شہید ہو گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے مطابق وادی نیلم کے آٹھمقام کے گاؤں لالہ کی سول آبادی پر بھارتی فوج نے گولہ باری کی جس سے دو افراد کی شہادت اور تین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں