ایل او سی فائرنگ: 3 شہریوں کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

اسلام آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے شدید احتجاج کیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر جوڑا رتہ میں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں تین شہری شہید ہوئے تھے۔

پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو وزارت خارجہ طلب کیا جہاں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے ایل او سی کے کھوئی رتہ اور جوڑا سیکٹرز، سمیت وادی نیلم پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے 3 شہری شہید ہوئے، بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو خودکار اور بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، بھارتی کی طرف سے 2017ء سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارتی افواج کا بے گناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے، بھارتی فوج کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی طرف سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی یہ خلاف ورزیاں کسی سنگین سٹریٹجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں، بھارت 2003ء کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں