ریلوے پریم یونین نے شیخ رشید کا موقف مسترد کردیا، تیزگام ایکسپریس حادثہ حکام کی غفلت کے باعث ہوا: اشتیاق احمد آسی

اسلام آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) ریلوے پریم یونین نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے تیزگام ایکسپریس حادثہ کو ریلوے حکام کی غفلت قرار دے دیا ہے۔ تیز گام کے المناک حادثے پر ریلوے پریم یونین نے وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر ریلوے کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ریلوے پریم یونین کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریلوے میں حادثات روزمرہ کا معمول بننا حکام کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ آج کا حادثہ انتہائی دکھ اور درد کا مظہر ہے۔ ہم دنیا سے رخصت ہو جانےوالے مرحومین کی مغفرت کے لئے دعا گو ہیں اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ ربالعزت سے لواحقین کے لئے صبر اور جاں بحق ہونے والوں کی شہادت کی موت کو قبول کر کے بخشش کے لئے دعا گو ہیں۔

پریم یونین کے سیکرٹری جنرل اشتیاق احمد آسی نے اس شدید حادثے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریلوے حکام کی نااہلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں افسران کی بری تعداد اپنے مفادات کی جنگ میں مصروف ہو اور وزیر ریلوے میرٹ کی دھجیاں اڑا کر من پسند افراد کو پروموشن اور پر کشش سیٹوں پر تعینات کرتے ہوں، وہاں ادارے کی بہتری کی امید کس طرح کی جا سکتی ہے۔

ریلوے کا خسارا روز بروز بڑھ رہا ہے اور سب اچھا کی صدائیں بلند کی جا رہی ہیں۔ میڈیا پر غلط اعداد و شماردے کر قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ ایک سو بیس حادثات ہونے اور آج کا المناک سانحہ بھی ان کو سنجدیگی اختیار کرنے کی توفیق نہیں مل پا رہی۔ موجودہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن میں تو وزیر ریلوے سے استعفی طلب کرتے تھے آج اپنے وزیر سے استعفی لینے میں کیا رکاوٹ ہے۔ دوہرے معیار نے پہلے ہی ملک کو تباہی کے دھانے ہر پہنچیا ہوا ہے اب بھی میرٹ کے دعوے کرنے والے حکمران اس کی دھجیاں اڑانے میں جتے ہوئے ہیں جو قابل مزمت بھی ہے اور باعث حیرت بھی۔ جناب وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے حادثے کا سبب بننے والے سلنڈر ہی واحد وجہ بتانے کے بعد ریلوے کے کسی افسر کی شفاف تحقیقات کرنے کا اعلان سوائے قوم کو بے وقوف بنانے اور اپنی گردن بچانے کے کیا ہو سکتا ہے۔ پھر ایسا افسر جیسے سنیارٹی کے باوجود پرموشن کے قابل نہ سمجھا گیا اب وہ افسر کس طرح صاف اور شفاف انکوائری کر سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں