مولانا فضل الرحمٰن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے؟ وزیراعظم عمران خان

گلگت بلتستان (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو پاکستان کے خلاف سازش کی کیا ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں، وہ کس سے آزادی لینے اسلام آباد آرہے ہیں، میڈیا جاکر مظاہرین سے پوچھے وہ کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی پی پی والے مہنگائی کی بات کریں گے، ن لیگ والوں کو پتہ ہی نہیں ہوگا کہ وہ مارچ میں کیوں ہیں، جے یو آئی والے کہیں گے یہودی اسلام آباد پر قبضہ کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے، ہندوستان سمیت ملک کے سارے دشمن فضل الرحمن کے آزادی مارچ سے خوش ہیں، ہندوستانی میڈیا آزادی مارچ دکھا رہا ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے فضل الرحمن بھارتی شہری ہے۔

اس سے قبل گلگت بلتستان میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پر گلگت آیا ہوں ، مسلمانوں کے عظیم قوم بننے پر جو بنیاد رکھی گئی اس پر چلنا ہے ، جتنا زور انصاف کےلئے دیں گے اتنا اللہ ہم پر عدل کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے ڈوگر راج کے خلاف جنگ لڑی، مسلمان اللہ کے سوا کسی اورکے سامنے نہیں جھکتا، دس سال کے اندر دو سپر طاقتوں نے مسلمانوں کے آگے گھٹنے ٹیکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا تھا اور اللہ کا خاص تحفہ ہے،غیرت مند انسان سوائے اللہ کے کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا، پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان کی قوم دنیا میں ایک مثال بنے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں