فریال تالپور نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن نے 25 نومبر کو دلائل طلب کر لئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرِ پاکستان آصف زرداری کی بہن اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کی نااہلی کیلئے 25 نومبر کو دلائل دینے کا حکم دیدیا۔

پیر کو  الیکشن کمیشن کے ممبر کمیشن الطاف ابراہیم کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران وکیل درخواست گزار نے فریال تالپور کی جانب سے اپنے سالانہ گوشواروں میں جائیدادیں ظاہر نہ کرنے کا بتایا تو ممبر کمیشن ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ آپ نے ایک درخواست اسپیکر سندھ اسمبلی کو دی تھی اس کا کیا بنا۔ جس پر وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ اس کا کچھ نہیں ہواجس پر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ہمیں تو اسپیکر سندھ اسمبلی کا لیٹر موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا کہ درخواست خارج کر دی گئی۔

لیٹر میں کہا گیا کہ فریال تالپور کا معاملہ ہائیکورٹ میں ہے اس لیے درخواست خارج کی گئی ہے، درخواست گزار نے لیٹر نہ ملنے کا بتایا تو کمیشن نے لیٹر وصول کرنے اور ابتدائی دلائل اگلی سماعت پر دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی نااہلی کیلئے درخواست پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ارسلان تاج اور رابعہ اظفر نے دائر کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں