ٹوئٹر کے ملازمین پر سعودی حکومت کیلئے جاسوسی کا الزام

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا میں ٹوئٹر کے دو سابق ملازمین پر سعودی عرب کیلئے جاسوسی کا الزام عائد کر دیا گیا۔ سان فرانسسکو میں گزشتہ روز کہا گیا ہےکہ سعودی نژاد ملازمین نے ٹوئٹر پر سعودی حکومت کے ناقدین اور دیگر صارفین کی ذاتی معلومات جمع کیں۔

امریکا میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاسوسی کرنے میں ایک امریکی شہری احمد ابو عامو اور ایک سعودی شہری علی الزباراح پر جاسوسی کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں جبکہ تیسرے شخص کا نام احمد المتاعری بتایا گیا ہے جس کی شناخت سعودی شہری ہے۔

بدھ کے روز احمد ابو عامو عدالت میں پیش ہوئے۔ اب اگلی پیشی جمعے کو ہوگی۔ علی الزباراح ٹوئٹر میں بطور انجنئیر کام کررہے تھے۔ ان پر پرالزام ہے کہ انہوں نے دو ہزار پندرہ میں سعودی حکام کے حکم پر چھ ہزار ٹوئٹر صارفین کی معلومات اکٹھا کی تھیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب مشرق وسطی میں امریکہ کا انتہائی اہم اتحادی ملک ہے۔

گذشتہ سال اکتوبر میں معروف صحافی جمال خاشقجی کے استنبول میں سعودی سفارت خانے میں قتل کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب سے اپنے قریب تعلقات برقرار رکھے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ کی اپنی جاسوس ایجنسی سی آئی اے نے سعودی حکام پر جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں