یوکرین طیارے کو کروز میزائل سمجھ کر نشانہ بنایا، ایرانی کمانڈر نے قوم سے معافی مانگ لی

تہران (ڈیلی اردو) ایرانی ائیر اسپیس کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے یوکرین طیارے کی تباہی پر قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا طیارے کی تباہی کا ذمے دار امریکا بھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی ایرو اسپیس کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے یوکرین طیارے کی تباہی کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا واقعہ پر قوم سے معافی مانگتے ہیں، یوکرین طیارے کو غلطی سے کروز میزائل سمجھا گیا۔

امیر علی حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ طیارے کی تباہی کا ذمے دار امریکا بھی ہے، واقعہ امریکی کی ایران سے پیدا کی گئی کشیدگی کے باعث ہوا۔

یاد رہے ایران نے یوکرین کے مسافر طیارے کو غلطی سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسافر طیارہ نادانستہ طور پر حملے کا نشانہ بنا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے مسافر طیارہ حادثے کا سبب انسانی غلطی کو قرار دیا، ملٹری حوالے سے بتایا گیا کہ ایران نے ’غیر ارادی‘ طور پر طیارے کو نشانہ بنایا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی تحقیقات کے مطابق واقعہ انسانی غلطی اور طاقت کے زعم میں مبتلا امریکی مہم جوئی کے دوران پیش آیا، واقعے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے معذرت چاہتے ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خمینی نے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔

ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ انسانی غلطی کی وجہ سے میزائل فائر ہوا جو یوکرائنی طیارے کے حادثے کا سبب بنا،

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران اس تباہ کن غلطی پر انتہائی پشیمان ہے، انویسٹی گیٹرز ناقابل معافی غلطی کے اسباب کے جانچ کی تحقیقات کر رہے ہیں، میری دعائیں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے ختم ہونے کے کچھ گھنٹے بعد یوکرین کا طیارہ ایران کے امام خمینی ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس میں 176 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، مسافر طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہا تھا، طیارے میں 82 ایرانی اور 63 کینیڈین شہری سوار تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں