قبائلی اضلاع کے طلبا کیلئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں نشستیں ڈبل کردی گئیں

پشاور (ڈیلی اردو/ٹی این این) خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاورنے صوبائی حکومت اور پاکستان میڈیکل کونسل (سابقہ پی ایم ڈی سی) اسلام آباد کی منظوری سے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی مخصوص نشستیں ڈبل ہونے کے بعد ان اضافی شدہ نشستوں پر سیشن 2019-20 کے لیے پلیسمنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

اس اعلان کے مطابق ڈبل کی گئیں قبائلی اضلاع کی نشستوں پر میرٹ کم چوائس کی بنیاد پر پلیسمنٹ منگل 21 جنوری کو صبح 9 بجے کے ایم یو کے ملٹی پرپز ہال میں ہو گی۔ کے ایم یو ڈائریکٹریٹ آف ایڈمشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع (سابقہ فاٹا) کے طلباء وطالبات کے لیے صوبے اور ملک بھر کے طبی اداروں میں مخصوص نشستیں ڈبل کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے2017 میں کیا تھا البتہ اس فیصلے کی حتمی منظوری حال ہی میں صوبائی حکومت اور پی ایم سی نے دی ہے جس کے بعد کے ایم یو نے ان مخصوص نشستوں پر صوبائی حکومت کی پالیسی اور پی ایم سی کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں داخلہ شیڈول کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں سابقہ فاٹا کے طلباء کے لیے 17 نشستیں مخصوص تھیں جن کو ڈبل کر کے 34 کر دیا گیاہے ان اضافی شدہ نشستوں پر یہ داخلے شیخ ذید میڈیکل کالج رحیم یار خان، سرگودھا میڈیکل کالج سرگودھا، نواز شریف میڈیکل کالج گجرات، ساہیوال میڈیکل کالج ساہیوال، گوجرانوالہ میڈیکل کالج گوجرانوالہ، ڈی جی خان میڈیکل کالج ڈی جی خان، خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ، ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور، نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری ملتان اور ڈینٹل سیکشن پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد میں دیئے جائیں گے۔

آزاد کشمیر اور سندھ میں مخصوص 3 اور 4 نشستوں کوبھی ڈبل کرکے بالترتیب 6 اور 8 کردیا گیا ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں اضافی شدہ نشستوں پر داخلے کے ایم سی اور اے ایم سی کے سوا صوبے کے باقی تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں میرٹ کم چوائس کی بنیاد پر دیئے جائیں گے جس کے لیئے ضم شدہ ہر قبائلی ضلع (سابقہ ایجنسی) سے میرٹ لسٹ کے ٹاپ 45 طلباء و طالبات اورایف آر کوہاٹ اور ایف آر پشاور کے لئے ٹا پ 12جبکہ با قی سابقہ ایف آرز (سب ڈویژن) کے لئے 10- 10 امیدواران کو کے ایم یو ایڈمشن ویب سائٹ پرموجود فارم میں دی گئی چوائسزکی ترجیحات پر کر کے یہ فارم اپنے ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

فارم میں مطلو بہ ترجیحا ت نہ دینے یا چوائس فارم جمع نہ کرانے کی صورت میں ایسے امیدواران کی سابقہ ترجیحات کی فہرست کو حتمی تصور کیا جائے گا جس پر پلیسمنٹ کمیٹی اپنی صوابدید پر داخلہ چوائس دینے کی مجاز ہوگی۔

کے ایم یو ایڈمشن ویب سائٹ لنک: http://www.kmuadmissions.pk/

اپنا تبصرہ بھیجیں