خیبر پختونخوا اور سندھ میں مزید دو بچے پولیو وائرس کا شکار، رواں سال تعداد 4 ہوگئی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت اور سندھ کے ضلع سجاول میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ضلع لکی مروت میں 8 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور اس بچے کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگوائے گئے تھے۔ سینٹر کا کہنا تھا کہ 8 ماہ کے بچے کے پیشاب کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری کو بھیجے گئے تھے جہاں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

سندھ کے ضلع سجاول میں بھی پولیو کیس کی تصدیق کی گئی جبکہ اس قبل سندھ کے شہر ٹنڈوالہیار میں ایک کیس کی تصدیق کی گئی تھی۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے پولیس مہم کو مزید موثر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہم میں ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ضروری ہے ورنہ اس مرض کا خاتمہ ممکن نہیں اس لیے کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

آپریشن سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک ملک بھر میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 4 ہوگئی ہے جن میں سے 2 لکی مروت اور 2 سندھ میں سامنے آئے ہیں۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق گزشتہ برس پورے پاکستان میں پولیو کے 136 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سب سے زیادہ کے پی میں 96 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سندھ میں 25، بلوچستان میں 11 اور پنجاب میں 8 کیسز سامنے آئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں