افغانستان: صوبے غزنی میں امریکی جاسوس طیارہ گر کر تباہ، سی آئی اے کے متعدد اعلیٰ افسران ہلاک

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبہ غزنی میں امریکی جاسوس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں امریکی خفیہ ادارے سنٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے متعدد اہلکار اور اعلیٰ افسران ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان میں امریکی طیارہ ہرات سے کابل کے لیے پرواز کررہا تھا جو صوبہ غزنی کے مشرقی ضلع دیہک کے پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں 80 سے زائد افراد سوار تھے اور طیارہ جس علاقے میں گر کر تباہ ہوا یہ علاقہ طالبان کے زیر کنٹرول ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب گرا جس میں سوار افراد اور عملے کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ دیہک ضلع کے علاقے سادو خیل میں گرا، یہ علاقہ طالبان کے زیر اثر ہے اس لیے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، حادثے میں جانی نقصان سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی، حادثہ اتنا خوفناک ہے کہ طیارے میں موجود افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں۔

دوسری جانب طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ’امریکی سی آئی اے کے متعدد اہلکار اس طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں‘۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’غزنی کے ضلع دہ یاک میں، ایک خصوصی امریکی طیارہ خفیہ مشن کے لیے اس علاقے میں تھا جو گر کر تباہ ہوا۔‘

طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے میں ’عملے کے تمام اہلکار اور متعدد سینئر امریکی سی آئی اے افسران ہلاک ہوئے ہیں۔‘

امریکی ذرائع نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ امریکی فوج اس سے متعلق تحقیقات میں مدد کر رہی ہے۔ جبکہ ملبے اور لاشیں حادثے کی جگہ پر پڑی ہیں۔

امریکی ذرائع نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ امریکی فوج اس سے متعلق تحقیقات میں مدد کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں