اسلام آباد پولیس نے پی ٹی ایم رہنما محسن داوڑ، افراسیاب خٹک سمیت 30 مظاہرین کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد (ش ح ط) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما محسن داوڑ اور عوامی نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر افراسیاب خٹک سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ‏اسلام آباد میں پولیس نے پشتون تحفظ تحریک کے رہنما اور قومی اسمبلی کا ممبر محسن داوڑ سابق سینیٹر افراسیاب خٹک، عصمت شاہ جہان، گل عالم وزیر، بادشاہ پشتین، عمار علی جان سمیت 30 کے قریب افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ احتجاجی مظاہرے کی کوریج کرنے والے صحافی خانزیب محسود کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے ان رہنماؤں کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے گرفتار کیا۔ پولیس نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو تھانا کوہسار منتقل کردیا ہے۔

واضح رہے پشتونوں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو پولیس نے اتوار کی شب صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں تہکال کے علاقے سے گرفتار کیا تھا۔

اس سے قبل منگل ہی کو پشاور کی مقامی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں ڈیرہ اسماعیل خان جیل بھیجنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

منظور پشتین کو گذشتہ رات پشاور کے علاقے شاہین ٹاون سے گرفتار کرکے پیر کی صبح عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں مقدمہ درج ہوا تھا اور اسے وہیں کیس کا سامنا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں