تیل چوری اور اغوا کیس: سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی ساتھیوں سمیت گرفتار

ملتان (ڈیلی اردو) ملتان پولیس نے آئل ٹینکر کے عملے کو اغواء اور تیل چوری کرنے کے الزام میں عوامی راج پارٹی کے چیئرمین اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو گرفتار کرلیا ہے۔ جمشید دستی کیخلاف آئل ٹینکر کے عملے کو اغواء اور تیل چوری کے الزام میں 23 تاریخ کو مقدمہ درج ہوا تھا۔

پولیس انہیں گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مارتی رہی۔ گزشتہ روز جمشید دستی پولیس کے ہتھے اس وقت چڑھ گئے جب وہ ضمانت کرانے کیلئے ہائی کورٹ آرہے تھے کہ پولیس نے انہیں اور انکے ساتھیوں کو گیلانی ہاؤس کے قریب سے ہی گرفتار کرلیا۔ بعدازاں پولیس انہیں مظفر گڑھ لے گئی۔

یاد رہے چند روز قبل پولیس نے عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید دستی کے خلاف تیل سے بھرے ٹرک لوٹنے پر دوسرا مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کے 2 ساتھیوں سمیت دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے سابق چیئرمین یونین کونسل ملک اجمل کالرو اور تاجر رہنما ملک عابد ملانہ کو گرفتار کر کے تھانہ کرمداد قریشی منتقل کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آئل ٹینکر عملہ اغوا کیس میں جمشید دستی اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کئی روز سے روپوش جبکہ ان کا موبائل نمبر بھی بند تھا۔ ایک ماہ قبل پولیس اہلکار فرخ شہزاد نے ساتھیوں سے مل کر ڈرائیور سے دو آئل ٹینکر چھینے تھے۔

پولیس کے مطابق سابق یوسی چیئرمین ملک اجمل اور تاجر رہنما ملک عابد ملانہ گرفتار ہیں جبکہ پولیس اہلکار فرخ شہزاد نے ساتھی اہلکاروں کے ساتھ آئل ٹینکر سے تیل لوٹا، گرفتار پولیس اہلکار فرخ شہزاد اور جمشید دستی کا گن مین رہ چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں