وفاقی وزراء کی سرعام پھانسی سے متعلق قرارداد کی شدید مذمت

اسلام آباد (ویب ڈسک) وفاقی وزراء فواد چوہدری اور شریں مزاری نے اپنی ہی جماعت کی جانب سے پیش کردہ سرعام پھانسی سے متعلق قرارداد کی شدید مذمت کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ریپ کیس کی سزا سے متعلق بل کی مخالفت کردی۔

فواد چوہدری نے قومی اسمبلی اجلاس میں بچوں سے زیادتی کے ملزمان کو سر عام پھانسی دینے سے متعلق قرارداد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے قوانین تشدد پسند کرنے والے معاشروں میں بنتے ہیں، معاشرے کو متوازن رہنا چاہئے، بربریت سے آپ جرائم کے خلاف نہیں لڑ سکتے۔ یہ انتہا پسندانہ سوچ کا عکاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سزاؤں اور ان کے اثرات پر طویل مباحث اور کتابیں لکھی جا چکی ہیں اور اب مہذب دینا کا اتفاق ہے کہ ایسی سزاؤں سے جرم نہیں رکتے لیکن معاشروں میں بے حسی اور شدت پسندی بڑھتی ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے بھی وزیر مملکت علی محمد خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی مخالفت کردی۔

شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ سرعام پھانسی کے حوالے سے قرارداد پارٹی پالیسی کے مطابق نہیں بلکہ یہ ایک فرد واحد کی تجویز ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں