پی ایس ایل فائیو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا دیا

کراچی (ڈیلی اردو) اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انیس اعشاریہ ایک اوورز میں 168 رنز بنائے تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کی۔

نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل فائیو کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

اسلام آباد یونائیڈ کی جانب سے منرو اور رونچی بڑا سکور بنانے کا جذبہ لیے میدان میں اترے ۔لیکن محمد نواز نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا اور منرو کو صفر پر آؤٹ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری وکٹ 38 پر گری جب سہیل خان نے قدرے جارحانہ بلے باز کر رہے رونچی کو آؤٹ کر دیا۔ رونچی نے 13 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔ ان کا کیچ احمد شہزاد نے لیا۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسین طلعت تھے جو محمد حسنین کی گیند کا شکار بنے۔ انہوں نے 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چوکے کی مدد سے 19 رنز بنائے۔ ان کا کیچ بھی احمد شہزاد نے پکڑا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈی جے میلان نے شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی وکٹ کٹنگ کے حصے میں آئی۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی انگرام تھے جو صرف 6 رنز بنا سکے جبکہ چھٹے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد آصف تھے جو 19رنز بنا سکے۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان شاداب خان تھے جو صرف 8 رنز بنا کر واپس پویلین پہنچے۔ان کی وکٹ بھی کٹنگ نے لی۔ اس کے فوری بعد ہی فہیم اشرف بھی آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 20 رنز بنائے۔ نویں آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد موسیٰ تھے بغیر رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد بٹ بھی بغیر کوئی رن بنائے واپس پہنچے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر گیند بازوں میں کٹنگ نے 3، سہیل خان نے دو جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز بھی بالکل اسلام آباد یونائیٹڈ جیسا ہی تھا کیونکہ ان کا بھی پہلا کھلاڑی اننگز کے شروع میں ہی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گیا۔ محمد موسیٰ نے اوور کی پہلی ہی گیند پر جیسن روئے کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اعظم خان واحد بلے باز تھے جنہوں نے یونائیٹڈ کے گیند بازوں کا خوبی سے مقابلہ کیا اور اپنی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں واٹسن 15، احمد شہزاد 7، کپتان سرفراز احمد 21، محمد نواز 23، سہیل خان 18 جبکہ کٹنگ نے 22 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ گلیڈی ایٹرز نے اٹھارہ اعشاریہ تین اوورز میں 171 رنز بنا کر پاکستان سپر لیگ فائیو کا افتتاحی میچ اپنے نام کیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین وکٹوں سے ہرایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں