اسرائیل کی دمشق اور غزہ پر شدید بمباری، 2 افراد شہید، 6 زخمی

غزہ + دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل افواج نے غزہ اور شامی دارالحکومت دمشق پر شدید بمباری کی۔

الجزیرہ ٹیلیویژن کے مطابق اسرائیلی افواج نے فلسطین کے علاقے غزہ اور شام کے دارالحکومت دمشق میں بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے 2 افراد کے شہید ہونے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی افواج نے اتوار کی رات غزہ اور شامی دارالحکومت دمشق میں شدید بمباری کی جب کہ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ بمباری غزہ کی پٹی سے ہونے والے راکٹ حملوں کے بعد کی گئی جس کے بعد فضائی کارروائی میں پہلے جنوبی دمشق کو نشانہ بنایا گیا۔

اس کے علاوہ اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی پر بھی شدید بمباری کی اور متعدد بم برسائے۔ جس کے نتیجے میں اب تک 6 شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ میں بھی آزاد ذرائع سے غزہ کی پٹی پر شدید بمباری کی تصدیق کی گئی ہے۔

https://twitter.com/ShehabAgencyEn/status/1231737139534213120?s=19

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دمشق میں مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے شدید بمباری کی گئی جب کہ شام میں کام کرنے والے انسانی حقوق آبزرویٹر گروپ کا کہنا ہےکہ بمباری دمشق انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب کی گئی۔

شام کے سرکاری خبر رساں ادرے کے مطابق اسرائیلی حملے پر دمشق میں اینٹی ائیرڈیفنس سسٹم کو فوری طور پر فعال کیا گیا اور اسرائیل کی جانب سے فائر کیے گئے کئی میزائل ہدف پر پہنچنے سے پہلے گرادیے گئے جس سے ائیرپورٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں