قبائلی طلبہ کیلئے ملک بھر کی یونیورسٹیز میں مختص کوٹہ ڈبل کردیا گیا

پشاور (ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے طلبہ کیلئے ملک بھر کی یونیورسٹیز میں مختص کوٹے کو دوگنا کردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی منظوری کے بعد باضابطہ حکمنامہ بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق دیگر صوبوں میں قبائلی اضلاع کے طلبہ کیلئے مختص کوٹے کو دوگنا کردیا گیاہے۔

ذرائع کے مطابق بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں پہلے 188 قبائلی طلبہ داخلے کے اہل تھے اب نئے حکمنامے کے بعد 376 طلبہ بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی میں داخلہ لے سکیں گے۔

اس طرح پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن میں تعداد 7 سے بڑھا کر 14 کردی گئی، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد میں 9 کی بجائے 18 طلبہ داخلہ لے سکیں گے۔

راولپنڈی کی بارانی یونیورسٹی میں 10 کی بجائے 20 نشستیں قبائلی طلبہ کیلئے مختص کردی گئیں، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ( یو ای ٹی) ٹیکسلا میں 6 کی بجائے 12 جبکہ یونیورسٹی آف سندھ، جامشورو میں 2 کی بجائے 4 قبائلی طلبہ داخلہ لے سکیں گے۔
جبکہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ( یو ای ٹی) لاہور میں بھی نشستیں بڑھا دی گئی ہے۔

نئے کوٹے سے قبائلی طلبہ کیلئے مختص نشستوں کی تعداد 222 سے بڑھ کر 444 ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں