یو اے ای آتشزدگی: دفتر خارجہ نے 6 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بارہ اپریل کو متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں واقع ایک گھر میں آگ لگی، جس میں چھ پاکستانی جاں بحق ہوئے۔

ڈاکٹر فیصل نے جاں بحق افراد کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں کوہاٹ کے محمد فاروق، عمر فاروق اور خرم فاروق سمیت اورکزئی ایجنسی کا خیال افضل، پشاور کا عید نواز اور بنوں کا علی حیدر شامل ہیں، یہ تمام افراد ایک چھوٹے کمرے میں رہائش پزیر تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہے اور واقعے میں جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس لانے کے لئے قومی ایئرلائن سے رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق واقعے کے بعد پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے جائے حادثے کا دورہ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نمازہ جنازہ ابھی ادا کی گئی ہے، نمازہ جنازہ میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس سے قبل مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں