اسرائیل کا غزہ پر فضائی حملہ، حاملہ خاتون اور 14 ماہ کی بچی سمیت 10 فلسطینی شہید

غزہ (نیوز ڈیسک) فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی حاملہ خاتون اور ایک 14 ماہ کی بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 10 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر مظاہرین پر فائرنگ سے زخمی ہونے والی حاملہ خاتون اور ایک 14 ماہ کی بچی زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج خالق حقیقی سے جا ملے۔

غزہ کی پٹی پر جمعہ کے روز اپنے گھروں کو واپسی مہم کے تحت ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی سرحد کی جانب مارچ کیا اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کی جس پر اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب آج اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ غزہ کے علاقے سے اسرائیلی سرزمین پر متعدد میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں 58 سالہ اسرائیلی شہری اور 80 سالہ خاتون زخمی ہوئیں جس کے جواب میں اسرائیلی فضائیہ نے حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز اپنے گھروں کو واپسی مہم کے تحت 57 ویں مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج نے نہتے فلسطینیوں کو براہ راست گولیاں کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی نوجوان شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں