شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر ایک ہفتے میں 6 حملے، 12 اہلکار شہید، 16 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) گزشتہ روز دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر کئے گئے حملے میں شہدا کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ جبکہ 8 اہلکار زخمی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل اور رزمک میں گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے تھے۔

ڈیلی اردو کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر کئے گئے حملوں میں شہدا کی تعداد اب 4 ہوگئی ہے۔ جبکہ 8 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں ایک سپاہی ڈرائیور آصف موقع پر شہید جبکہ 3 اہلکار سپاہی فخر، سپاہی وقار اور سپاہی ارسلان شدید زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ واقع شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے خڑ قمر میں پیش آیا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق پہلا واقعہ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں پیش آیا جہاں پر دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار آصف موقع پر ہی شہید جبکہ 3 سیکورٹی اہلکار سپاہی فخر، سپاہی وقار اور سپاہی ارسلان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر میران شاہ ہسپتال پہنچا دیا گیا

جبکہ دوسرا واقعہ شمالی وزیر ستان کی تحصیل رزمک کے علاقہ منظر خیل میں پیش آیا جہاں پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دوسرا حملہ کیا۔ دوسرے حملے میں 3 سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے سپاہی الیاس، سپاہی علی حسن اور سپاہی خادم شہید جبکہ پانچ سیکورٹی فورسز کو زخمی کردیا زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا

حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم حزب احرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سنیئرصحافی عدنان بیٹنی کے مطابق ‏شمالی وزیرستان میں 5 سالہ ضرب عضب کے بعد بھی گزشتہ ایک ہفتے میں سیکیورٹی فورسز پر 6 حملے ہوئے ہیں اور ان حملوں میں 12 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 16 اہلکار زخمی بھی ہوگئے ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ایک بار پھر تیزی آئی ہے۔

بدھ کے روز شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگاتے ہوئے فوجی جوانوں پر افغانستان سے دہشتگردوں نے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ 7 جوان زخمی ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد مارے گئے۔

29 اپریل کو بھی تحصیل دتہ خیل کے علاقے شین کنڈائی میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

اس کے علاوہ 25 اپریل کو بھی شمالی وزیرستان میں بارودی مواد کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں