الیکشن کمیشن: قبائلی اضلاع کی 16صوبائی نشستوں پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کی 16صوبائی نشستوں پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے ۔ خیبر پختونخوا کے حلقہ 100 تا 115پر پولنگ 2 جولائی کو ہو گی۔الیکشن کمیشن نے سابقہ فاٹا اور موجودہ قبائلی اضلاع کی 16صوبائی نشستوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 7 مئی کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔ امیدوار 9 مئی سے 11 مئی تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

امیدواروں کے ناموں کی فہرست 12 مئی کو جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کے کاغزات کی جانچ پڑتال 18مئی تک ہو گی۔

ریٹرننگ افسران کے فیصلوں پر 22 مئی تک اپیلیں دائر کی جاسکیں گی ۔اپیلٹ ٹربیونل 27 مئی تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹ 28 مئی کو جاری ہوگی اور امیدوار اپنے کاغذات29 مئی تک واپس لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات 30 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔

یاد رہے الیکشن کمیشن میں سال 2019 میں ہونے والے مختلف انتخابات کے حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی زیر صدارت اہم اجلاس رواں سال جنوری میں ہوا تھا۔ اجلاس میں الیکشنز ونگ اور دیگر تمام سیکشنز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں سابقہ فاٹا کے اضلاع میں صوبائی نشستوں پر انتخابات کا بھی جائزہ لیا گیا اور سابقہ فاٹا کے اضلاع میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے عملے کی تربیت اور انتخابی فہرستوں کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں