بلوچستان: ہرنائی میں فائرنگ اور دھماکے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فائرنگ اور دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں سحری کے بعد دور دراز پہاڑی مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو مزدور جاں شہید ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں تو رستے میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 3 اہلکار شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق شہید اہلکاروں کی شناخت سپاہی جنید، حوالدار شفیق اور سول اہلکار خدائے نور کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت شیر عالم کے نام سے ہوئی ۔

لیویز حکام نے دعویٰ کیا ہے مسلح افراد نے کھوسٹ کے علاقے میں کوئلہ کان پر بھی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے دو مزدور شہید ہوئے جن کی شناخت سید شاہ اور حبیب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں