سموسوں کی قیمت میں اضافے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ، لیکن جواب ایسا ملا کہ سن کر آپ کا منہ کھلے کا کھلا رہ جائے

اسلام آباد (آئی این پی ) چیف جسٹس پاکستان نے اسکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سموسوں کی قیمتوں کا تذکرہ چھیڑ تے ہوئے کہا کہ سموسوں کی قیمت کا بھی ایک مقدمہ آیاتھا،کیا سموسے کی قیمت بھی عدالت نے طے کرنی ہے؟ آپ چاہتے ہیں عدالت نجی اسکولوں کی فیس پر 5فیصد اضافے کی پابندی ہٹا کر کھلی چھٹی دے دے؟دیکھنا ہوگا کہ عدالت نے کہاں حد لگانی ہے۔ جمعرات کو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نےنجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔نجی اسکول کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ 2002 میں بھارتی سپریم کورٹ کے 11 رکنی بنچ نے اس سے مماثل کیس کا فیصلہ سنایا۔ ب
ھارتی سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ نجی اسکول مناسب منافع کما سکتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کیا ان بھارتی مقدمات میں حکومت کی جانب سے فیس اسٹرکچر دیا گیا؟جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ بھارتی مقدمات کو کس پیرائے میں سنا گیا اور کیا ریگولیشن کی گئی ہمیں معلوم نہیں ہے۔ ان مقدمات کی بنیاد پر ہم کسی غلط نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔بنیادی سوال یہ ہے کہ فیس اضافے میں حد لگانا کیسے بلاجواز ہے؟نجی اسکول کے وکیل نے کہا پنجاب کا قانون ریونیو سے متعلق مسئلے پر بات ہی نہیں کرتا۔اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ریگولیشن میں لفظ منافع بخش کا استعمال نہیں ہوا۔نجی اسکول کے وکیل نے دوران سماعت بلیک لا ڈکشنری کا حوالہ بھی دیا۔ وکیل نے کہا کہ پنجاب کا قانون منافع پر بات نہیں کرتا ریونیو پر حد لگاتا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب کا قانون سندھ کے قانون سے بالکل مختلف ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا 5 فیصد سالانہ اضافے کی حد بنیادی حقوق کے خلاف کیسے ہے؟نجی اسکولوں والے کہتے ہیں 5 فیصد سالانہ اضافے کی حد نہ لگائی جائے۔ ٹیکس بچانے کے لیے اسکول اپنے اخراجات زیادہ بتاتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ٹیکس چوری جرم ہے۔ ٹیکس بچانے کی مینیجمنٹ وکیل کا مشورہ ہوتا ہے۔اسکول اپنی مرضی کے مطابق نفع کا تناسب رکھ سکتے ہیں۔ہمارے سامنے سوال قانونی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا 5 فیصد سالانہ فیس میں اضافے پر قدغن لگ سکتی ہے؟انہوں نے کہا ٹیوشن فیس کے علاوہ پیسہ کمانے کے لیے دوسرے راستے بھی اختیار کیے جاتے ہیں۔ جیسے ملک کا صدر بننے کے لیے 45 سال عمر کی اہلیت ہے،ملک کا صدربننے کے لیے اہلیت 44 سال یا 46 کیوں نہیں ہے؟عمر کے تعین میں قانون سازوں کی اپنی بصیرت ہے۔ فیس میں سالانہ 5 فیصد تک اضافہ کی حد میں قانون سازوں کی بصیرت ہوگی۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا برطانیہ میں وکلا کی فیس بھی مقرر ہوتی ہے۔لا سوسائٹی ہر مرحلے پر وکلا کی فیس مقرر کرتی ہے۔نجی اسکولوں کے وکیل نے کہا سالانہ 5 فیصد اضافے کی پابندی کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کیا عدالت قانون سازوں کو ہدایات دے سکتی ہے؟ جمہوری معاشرے میں قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار قانون سازوں کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں