بلوچستان: گوادر کے پی سی ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، ہلاکتوں کا خدشہ

گوادر (نیوز ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل میں 3 حملہ آوروں کے داخل ہونے اور فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گوادر کے پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں 3 حملہ آور داخل ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہوٹل سے دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔

فورسز کی بھاری نفری نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے، فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس بھاری اسلحہ اور راکٹ لانچر بھی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل “پرل کانٹینٹل ” پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

جیئند بلوچ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے گوادر میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے” ان کا مزید کہنا تھا کہ “بی ایل نے یہ حملہ چینی اور دوسرے بیرونی سرمایہ کاروں کے موجودگی کے اطلاع پر کیا۔

اس سے پہلے اپریل میں ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ میں شدت پسندوں نے کوسٹل ہائی وے پر بسوں سے اتار کر بحریہ کے اہلکاروں سمیت 14 مسافروں کو قتل کر دیا تھا۔

جیسے جیسے مزید معلومات کی تصدیق ہو گی اس خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں