سانحہ گوادر: پاک بحریہ کے شہید کمانڈو محمد عباس خان فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

کراچی (نیوز ڈیسک) پی سی ہوٹل گوادر میں انسداد ِدہشت گردی آپریشن میں شہید ہونے والے پاک بحریہ کے شہید کمانڈو محمد عباس خان کو پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، پاک بحریہ کے دستے نے شہید کو اعزازی سلامی پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی ہوٹل گوادر میں انسداد ِدہشت گردی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک بحریہ کے ایس ایس جی کمانڈو محمد عباس خان کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کی گئی جبکہ آخری رسومات اْن کے آبائی گاوں ہری پور میں ادا کی گئیں۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قومی دفاع کو مستحکم کرنے اور ملک میں دہشت گردی کو روکنے میں شہداء کی قربانیاں لائقِ تحسین ہیں۔

کراچی میں نماز ِجنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ، کمانڈر کراچی، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر لاجسٹکس نے شرکت کی۔

اسپیشل سروس گروپ (نیوی )کے شہید عباس خان کی آخری رسومات ان کے آبائی گاوں میں ادا کی گئیں اور ان کو پورے عسکری اعزازکے ساتھ سپر د خاک کیا گیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ شہید کی آخری رسومات میں نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور نارتھ کمانڈ کے اعلیٰ آفیسرز نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں