کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کما ل خان نے مستونگ کے علاقے قابو میں دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی کامیاب کاروائی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ اداروں نے قابل ستائیش کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ جانوں کا نذرانہ دینے کے باوجود سیکیورٹی اداروں کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط اور ناقابل شکست ہیں دہشتگردمعاشرے کا ناسور ہیں پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور بہادر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بیگناہوں کا خون بہانے والے شدت پسندوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا دہشت گردوں کو کوئی جائے پناہ نہیں ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے آپریشن میں حصہ لینے والیجانبازوں کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کرتے ہوئے آپریشن میں زخمی ہو نے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کی ہے۔