کراچی: پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، ایک اہلکار زخمی، جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں سائٹ سپرہائی وے پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کردیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر چاکر ہوٹل کے قریب پولیس موبائل پر موٹرسائیکل سوار 4 ملزمان نے 2 دستی بموں سے حملہ کیا اور پھر فائرنگ کی۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایک دستی بم پھٹا جس سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا جبکہ دوسرا دستی بم پھٹ نہ سکا جسے بعد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پہنچ کر ڈیفیوز کردیا، پولیس کی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا، جبکہ 3 ساتھی حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

خوش قسمتی سے حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوچکا ہے، دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے موبائل پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ تین فرار ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی حیات اور کانسٹیبل عظمت زخمی ہوا۔

ایس ایس پی ملر کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ مفرور ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا پولیس موبائل پر کیا گیا، دستی بم حملے سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔

عرفان بہادر کا مزید کہنا تھا کہ کہ حملے میں ملوث ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ہلاک حملہ آور سے پستول برآمد ہوا ہے۔ ہلاک حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس موبائل پر حملے ہوچکے ہیں، سال 2014 میں نیپا چورنگی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی طرف سے پولیس وین پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں