پاکستان کسی بھی غیرمتوقع صورتحال سےنمٹنےکیلئے تیار ہے، آرمی چیف کا افغان سرحد کا دورہ

راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لئے تیار ہیں اور اسی طرح مشرقی سرحد پر بھی چوکس ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر اگلی پوسٹوں کا دورہ کیا، سربراہ پاک فوج نے دورہ داوا توئی شمالی وزیرستان میں اگلی چوکیوں پرکیا، یہ وہ علاقہ ہے جہاں یکم مئی کو سرحد پار سے دہشت گرد حملے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج کو پاک افغان بارڈ ر پر باڑ لگانے ، آپریشن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور سماجی ترقی کے منصوبوں اور ٹی ڈی پیز کی بحالی سے بھی آگاہ کیا گیا، جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقے میں استحکام کے لئے کردار اور جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی اور خطے میں امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا، ہم کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لئے تیار ہیں، اسی طرح ہم مشرقی سرحد پرچوکس ہیں اور پیشہ وارانہ تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جب کہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے سرحدی باڑ کے ساتھ ایف سی قلعوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن یہ اتنے نہیں ہیں جتنے ماضی قریب میں تھے، کامیابی کی جانب سفر جاری رکھنے کیلئے ہمیں صبر، عزم اور اتحاد کی ضرورت ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں