فوج مخالف تقریر: پی ٹی ایم رہنما گلالئی اسماعیل کے خلاف 2 مقدمات درج

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پشتون تحفظ موومنٹ کی رہنما گلالئی اسماعیل کے خلاف ریاست، پاک فوج مخالف تقاریر اور پشتون بھائیوں کے دلوں میں نفرت پھیلانے پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 2 مقدمات درج کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق فرشتہ مہمند کے قتل کو ڈھال بنا کر پاک فوج اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والی پی ٹی ایم رہنما گلالئی اسماعیل کے خلاف تھانہ شہزاد ٹاؤن میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گلالئی اسماعیل نے فرشتہ کیس کی آڑ میں حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کی جبکہ انہوں نے پشتون قوم کو عصبیت کی طرف ورغلانے کی بھی کشش کی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ گلالئی اسماعیل نے پاک فوج کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی۔ مقدمہ اسلام آباد کے شہری درخواست پر درج کیا گیا۔

یاد رہے کہ چار روز قبل اسلام آباد سے ایک 10 سالہ بچی فرشتہ لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد جنگل سے اُس کی لاش برآمد ہوئی تھی، بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

فرشتہ کے قتل پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین نے آواز اٹھائی تدفین کے اگلے روز وزیراعظم نے نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کل رات گئے میسج کر کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں