افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

برسٹل (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف حالیہ مایوس کن سیریز کے بعد پاکستان نے مشن ورلڈ کپ کا آغاز بھی مایوس کن انداز میں کیا، پہلے وارم اپ میچ میں نسبتاً کمزور حریف افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دیگر ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

افغانستان کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں گرین شرٹس نے افغانستان کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا جو افغانستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ورلڈکپ 2019 کا باقاعدہ آغاز 30 مئی سے ہوگا تاہم اس سے قبل تمام ٹیمیں اپنے اپنے وارم اپ میچز کھیل رہی ہیں۔

برسٹول کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تاہم 47 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ 49 اور حشمت اللہ شاہدی نے ناقابل شکست 74 رنز بنائے— فوٹو: بشکریہ افغان کرکٹ بورڈ

فخر زمان بھی 19 رنز بنا کر محمد بنی کا شکار بن گئے جب کہ اسی اوور میں حارث سہیل بھی ایک رن بنا کر بولڈ ہو گئے۔ محمد حفیظ 12 رنز ہی بنا سکے۔

پانچویں وکٹ کے لیے بابراعظم اور شعیب ملک کے درمیان 103 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی تاہم 44 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک ہمت ہار گئے۔

بابراعظم اعظم نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور وہ 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر جلد بازی کرتے ہوئے 13 رنز بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم نے 18 اور حسن علی نے 6 رنز اسکور کیے۔

افغانستان کی جانب سے محمد بنی نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ راشد خان اور دولت زدران نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم نے ہدف 49.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ 49 اور حشمت اللہ شاہدی نے ناقابل شکست 74 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، عماد وسیم نے دو، شاداب خان اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گرین شرٹس 26 مئی کو اپنا دوسرا وارم اپ میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلیں گے۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں، وہاب ریاض اور محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت سے بولنگ اٹیک مضبوط ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں